بنگلور 7 ستمبر (ایس او نیوز) سوشیل ڈیموکریٹک پارٹی آف انڈیا (ایس ڈی پی آئی) کرناٹک کے ریاستی صدر الیاس محمد نے سیٹریزن فار ڈیموکریسی کے نام سے بنگلور تشدد کے متعلق شری کانت بابا لاڈی رپورٹ کو متعصبانہ اور حقائق سے دور قرار دیا ہے۔
اس رپورٹ پر سخت نوٹس لیتے ہوئے ایس ڈی پی آئی ریاستی صدر الیاس محمدتمبے نے کہا ہے کہ یہ رپورٹ سنگھ پریوار کی سازش کو چھپانے کی مذموم کوشش ہے کیونکہ اس رپورٹ میں نوین کے اہانت رسول ﷺ والے کارٹون پوسٹ کے تعلق سے کوئی ذکر نہیں ہے اور نہ ہی اس شرارت اور شرانگیزی کے پیچھے جو عناصر کارفرما ہیں ان کے بارے میں کوئی ذکر کیا گیا ہے۔
الیاس محمد تمبے نے اپنے اخباری اعلامیہ میں اس بات کی طرف خصوصی نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ کوئی بھی شری کانت بابا لاڈی کی ٹیم سے حقائق کی توقع نہیں کرسکتا کیونکہ ٹیم میں شامل تمام ممبران بی جے پی یا سنگھ پریوار کا پس منظر رکھتے ہیں۔ رپورٹ میں حکومت اور پولیس کی ناکامیوں کے بارے میں کچھ نہیں کہا گیا ہے اور مضحکہ خیز طور پر ایس ڈی پی آئی اور پی ایف آئی کا نام گھسیٹا گیا ہے۔ دراصل، واقعہ کے دن مقامی ایس ڈی پی آئی کے رہنماؤں کے ساتھ پولیس نے مشتعل ہجوم کو زیر قابو کرنے کی بھر پور کوشش کی تھی۔ تاہم، عوام کو معلوم ہے کہ پولیس نے ایس ڈی پی آئی کو ریاستی بی جے پی حکومت کے دباؤ میں آکر اس معاملے میں ملوث قرار دیا ہے۔ الیاس محمد تمبے نے بتایا کہ شری کانت بابالاڈی کی ایسی حقائق سے دور جھوٹی اور متعصبانہ رپورٹ ریاست اور لوگوں کیلئے بے حد نقصاندہ ہے۔